
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں غیر ہنر مند مزدور کی یومیہ اجرت 1538 روپے مقرر کردی گئی، غیر ہنر مند مزدور کی ماہانہ تنخواہ 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نیم ہنر مند مزدور کی یومیہ اجرت 1558 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ نیم ہنر مند مزدور کی ماہانہ تنخواہ 43 ہزار 108 روپے ہو گی، ہنر مند مزدور کی یومیہ اجرت 1975 روپے جبکہ ماہانہ تنخواہ 45 ہزار 945 روپے ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ فنانس پنجاب کی ہدایت پر احکامات جاری کیے جبکہ تمام سرکاری و نجی اداروں کو عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مزدور کی کم سے کم ماہانہ اجرت کا نوٹیفکیشن جاری
یاد رہے کہ اس سے قبل ستمبر میں صوبائی وزیر لیبر و افرادی قوت فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا تھا کہ پنجاب میں محنت کشوں کی کم ازکم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، مزدوروں کو مہینے میں 26 رو ز کام کرنے پر کم سے کم اجرت 40 ہزار روپے دی جائے گی۔
خیال رہے کہ بجٹ کے موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی، بجٹ میں گریڈ ایک سے 22 تک کے صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ صوبہ بھر میں پنشن کی مد میں 5 فیصد اضافے کی تجویز تھی۔



