
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن وائرل ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں میں تین دن کی چھٹیاں کر دی گئی ہیں۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے وضاحت دی کہ یہ نوٹیفکیشن پرانا ہے اور دراصل سال 2024 میں جاری ہوا تھا، جسے بعض عناصر نے موجودہ حالات میں دوبارہ پھیلایا ہے تاکہ عوام میں غلط فہمی پیدا کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:مفت وائی فائی منصوبہ دسمبر تک مکمل کرنے کا اعلان
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں اور کہیں بھی تعطیل کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے جس سے عوام میں غیر ضروری پریشانی پیدا ہوتی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی اطلاع کی تصدیق کے لیے ضلعی دفتر یا سرکاری ویب سائٹس کا رخ کریں۔
مزید برآں، انتظامیہ نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام راستے کھلے ہیں، ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے اور شہر میں کسی قسم کی ہنگامی یا غیر معمولی صورتحال نہیں پائی جاتی۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی روزمرہ سرگرمیاں جاری رکھیں اور افواہوں کے پھیلاؤ میں حصہ نہ لیں۔
ضلعی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نگرانی سخت کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے جعلی نوٹیفکیشنز کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک اطلاع کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غلط معلومات پھیلانا قانوناً جرم ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں تاکہ عوامی نظم و ضبط متاثر نہ ہو۔



