
تفصیلات کے مطابق اورنج لائن ٹرین کو پانچ روز قبل مختلف وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا تھا۔ شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، خاص طور پر دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مقامات پر جانے والوں کو۔ تاہم آج صبح سے اورنج لائن ٹرین اپنی معمول کی رفتار اور شیڈول کے مطابق تمام اسٹیشنز پر رواں دواں ہے۔ لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (PMTA) کے مطابق، بحالی کے بعد تمام ٹرین اسٹیشنز کھول دیے گئے ہیں اور ٹرینیں مقررہ اوقات کے مطابق چل رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں انٹرنیٹ 18 گھنٹے کیلئے بند رہے گا
دوسری جانب، میٹرو بس سروس جو کہ چار روز سے معطل تھی، وہ بھی آج سے دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق راستوں کی بندش اور سیکیورٹی وجوہات کے باعث سروس کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔ اب حالات معمول پر آنے کے بعد تمام روٹس پر میٹرو بس سروس بحال کر دی گئی ہے۔ لاہور کے شہری ایک بار پھر شاہدرہ سے گجو متہ تک بلا تعطل سفر کر سکتے ہیں۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے بتایا کہ دونوں سروسز کی بحالی کے بعد سیکیورٹی اور ٹریفک کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اضافی عملہ اسٹیشنز پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام لاہور میں مکمل طور پر فعال ہے اور مستقبل میں سروس کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹ کے دوران قواعد و ضوابط پر عمل کریں تاکہ سسٹم کو مستحکم اور محفوظ رکھا جا سکے۔



