
انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں تین دن کی چھٹی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبریں جعلی ہیں ، چھٹی سے متعلق گردش کردہ نوٹیفکیشن گزشتہ سال 2024 کا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہری جعلی اور بے بنیاد خبروں پر کان نہ دھریں ، اسلام آباد کے تمام راستے کھلے ہیں ، تمام ادارے معمول کے مطابق کام کریں گے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی کل 14 اکتوبر بروز منگل معمول کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ایک بیان میں کہا کہ کل 14 اکتوبر کو صوبہ بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔
ادھر جامعہ پنجاب میں کل فیزیکل کلاسز ملتوی کردی گئیں، پنجاب یونیورسٹی میں کل ہونے والی کلاسز کو آن لائن کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ممکنہ احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق ایل ایل بی فائنل امتحانات ملتوی ہونے کے بعد کل 14 اکتوبر کو ہونے والی کلاسز بھی آن لائن ہوں گی ، مارننگ اور ایوننگ شفٹ کے طلبہ و طالبات آن لائن کلاسز لیں گے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حالات معمول پر آتے ہی حسب معمول تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی جبکہ 14 اکتوبر کے سمسٹر امتحانات بھی ری شیڈول ہوں گے۔
دوسری جانب یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) میں بھی فیزیکل کلاسز کو ملتوی کردیا گیا، ترجمان نے بتایا کہ یو ای ٹی میں مارننگ اور ایوننگ شفٹ کی کلاسیں آن لائن ہوں گی۔



