لاہور: ممکنہ احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر
 صوبائی دارالحکومت لاہور میں مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

جامعہ پنجاب میں کل فیزیکل کلاسز ملتوی کردی گئیں، پنجاب یونیورسٹی میں کل ہونے والی کلاسز کو آن لائن کردیا گیا۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق ایل ایل بی فائنل امتحانات ملتوی ہونے کے بعد کل 14 اکتوبر کو ہونے والی کلاسز بھی آن لائن ہوں گی ، مارننگ اور ایوننگ شفٹ کے طلبہ و طالبات آن لائن کلاسز لیں گے ۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ حالات معمول پر آتے ہی حسب معمول تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی جبکہ 14 اکتوبر کے سمسٹر امتحانات بھی ری شیڈول ہوں گے۔

دوسری جانب یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی ) میں بھی فیزیکل کلاسز کو ملتوی کردیا گیا، ترجمان نے بتایا کہ یو ای ٹی میں مارننگ اور ایوننگ شفٹ کی کلاسیں آن لائن ہوں گی۔

ادھر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب میں سرکاری و نجی سکول کل معمول کے مطابق کھلیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں احتجاج، شہر بھر کی سڑکیں بند، ٹریفک جام

واضح رہے کہ آج دن بھر لاہور کے مختلف علاقوں میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے، ملتان روڈ پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چند تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے۔

دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور کی دیگر اہم سڑکیں جیسے کہ یتیم خانہ چوک، چونگی امر سدھو، فیروزپور روڈ، کاہنہ، دروغہ والا اور رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔

علاوہ ازیں اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس آج پانچویں جبکہ میٹرو بس سروس آج مسلسل چوتھے روز معطل رہی، سروسز کی معطلی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد رکشاؤں، موٹر سائیکلوں اور دیگر نجی ذرائع نقل و حمل پر انحصار کرنے پر مجبور ہو گئی ، طلباء، ملازمین، خواتین اور بزرگ شہری اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔