لاہور میں احتجاج، شہر بھر کی سڑکیں بند، ٹریفک جام
لاہور میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد شہر بھر کی سڑکیں بند ہونے سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں
لاہور میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد شہر بھر کی سڑکیں بند ہونے سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو گئے/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) لاہور میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد شہر بھر کی سڑکیں بند ہونے سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چند تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ موٹروے ایم-2 کو بابو صابو انٹرچینج سے عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافر شدید پریشان ہیں۔ موٹروے ترجمان کے مطابق بابو صابو انٹرچینج مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے جانے والا راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ پر احتجاج کے باعث ٹریفک کا شدید دباؤ دیکھنے میں آ رہا ہے اور گاڑیاں گھنٹوں تک پھنسی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس آج بھی بند

شہر کی دیگر اہم سڑکیں جیسے کہ یتیم خانہ چوک، چونگی امر سدھو، فیروزپور روڈ، کاہنہ، دروغہ والا اور رنگ روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کو متبادل راستوں کی تلاش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

پولیس اور دیگر سیکیورٹی ادارے شہر بھر میں الرٹ ہیں۔ مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ متعدد مقامات پر بیریئرز اور خار دار تاریں لگا کر سڑکوں کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے تاکہ احتجاجی مظاہرین کو اہم مقامات تک رسائی سے روکا جا سکے۔