اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس آج بھی بند
ٹی ایل پی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس آج بھی بند رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے
ٹی ایل پی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس آج بھی بند رہی/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس آج بھی بند رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین سروس آج پانچویں روز بھی بند رہی جبکہ میٹرو بس سروس آج مسلسل چوتھے روز معطل ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مطابق سروسز کو عارضی طور پر اس لیے بند کیا گیا ہے کیونکہ احتجاج کے پیش نظر مختلف راستے بند ہیں اور مسافروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حالات معمول پر آتے ہی دونوں سروسز کو فوری طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کو 17 ارب کا ریلیف، اگست کے گھریلو بجلی بل معاف

سروسز کی معطلی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد رکشاؤں، موٹر سائیکلوں اور دیگر نجی ذرائع نقل و حمل پر انحصار کرنے پر مجبور ہو گئی ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے بلکہ سفر کا خرچ بھی عام شہری کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ طلباء، ملازمین، خواتین اور بزرگ شہری اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
لاہور کے شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد کوئی متبادل انتظام کریں یا کم از کم سروسز جزوی طور پر بحال کی جائیں تاکہ روزمرہ زندگی متاثر نہ ہو۔ عوامی سطح پر اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ احتجاجی سرگرمیوں کے باعث پورے شہر کا نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔
دوسری جانب، انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد کوئی قابل قبول حل نکل آئے گا، تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔ تاہم، اس وقت تک اورنج لائن اور میٹرو بس سروسز کی بحالی کا کوئی حتمی وقت یا تاریخ سامنے نہیں آ سکی۔