موٹروے کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا
 مذہبی جماعت کے احتجاج ختم ہونے کے بعد موٹرویز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) مذہبی جماعت کے احتجاج ختم ہونے کے بعد موٹرویز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

موٹروے پولیس ذرائع کے مطابق موٹروے ایم 2، 3 اور لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ٹریفک رواں دواں ہے۔

خیال رہے کہ مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث موٹروے ایم-2 کو بابو صابو انٹرچینج سے عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے جانے والا راستہ بھی بند کر دیا گیا تھا۔

موٹروے کی بندش کے باعث لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، سڑکوں کی بندش کے باعث مسافر رل گئے۔

علاوہ ازیں مذہبی سیاسی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا جبکہ جی ٹی روڈ پر احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ممکنہ احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر

دوسری جانب احتجاج کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی مختلف مقامات پر شاہراہیں بند رہیں جس کے باعث متبادل راستوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہا، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہو گیا، شہریوں کو خواری کا سامنا کرنا پڑا۔

پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے جاری تازہ اطلاعات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں اب صرف سمن آباد بجانب سکیم موڑ دونوں اطراف بند ہیں، اسی طرح ٹھوکر نیاز بیگ جانب بابو صابو اور شملہ پہاڑی چوک کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ہے۔