ٹی ایل پی کا پولیس آپریشن کے دوران سعد رضوی کے زخمی ہونے کا دعویٰ
تحریک لبیک پاکستان نے پولیس آپریشن کے دوران امیر جماعت حافظ سعد رضوی کے زخمی ہونےکا دعویٰ کیا ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک لبیک پاکستان نے پولیس آپریشن کے دوران امیر جماعت حافظ سعد رضوی کے زخمی ہونےکا دعویٰ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق ٹی ایل پی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مریدکے میں پولیس آپریشن کے دوران امیر جماعت حافظ سعد حسین رضوی کو تین گولیاں لگی ہیں جس سے وہ زخمی ہو گئے تاہم آزاد ذرائع سے اس خبر کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

اس سے قبل ٹی ایل پی کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا تھا کہ پولیس آپریشن کے دوران شدید آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث امیر جماعت سعد رضوی بےہوش ہو گئے تھے۔

دوسری جانب پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ مریدکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے انتشار پسند گروہ کو منتشر کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس آج بھی بند

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کی کارروائی شروع ہوئی تو مذہبی جماعت کے کارکنوں نے پتھراؤ، کیل دار ڈنڈوں اور پٹرول بموں کا استعمال کیا،بعدازاں انہوں نے سکیورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو جانی نقصان پہنچا۔

پولیس ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی جان کے دفاع میں محدود کارروائی کرنا پڑی، اس دوران مظاہرین کی فائرنگ سے ایک ایس ایچ او شہید جبکہ 48 اہلکار زخمی ہوئے (جن میں سے 17 گولی لگنے سے زخمی ہوئے)۔

ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مذہبی جماعت کے تین کارکن جبکہ ایک راہ گیر جاں بحق اور 8 سویلین زخمی ہوئے،اس کے علاوہ انتشار پسند گروہ نے چالیس سرکاری اور پرائیویٹ گاڑیوں کو آگ لگا دی، قانون نافذ کرنے والوں نے متعدد انتشار پسند لوگوں کو گرفتار کر لیا۔