بجلی کے نئے کنکشن کیلئے مزید سخت شرائط نافذ
LESCO new connection policy
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے صارفین کیلئے بجلی کے نئے کنکشن حاصل کرنے کا عمل مزید سخت کر دیا۔

کمپنی نے ڈیمانڈ نوٹس کے اجرا اور میٹر کی تنصیب سے پہلے الیکٹرک انسپکٹر کی ٹیسٹ رپورٹ کی آن لائن تصدیق لازمی قرار دے دی۔

ذرائع کے مطابق اب گھریلو، کمرشل، انڈسٹریل اور ٹیوب ویل کنکشنز کیلئے بھی متعلقہ الیکٹرک انسپکٹر کی منظوری درکار ہوگی۔

لیسکو نے نئے کنکشن کے پورے نظام کو الیکٹرک انسپکٹر کی رپورٹ سے منسلک کر دیا ہے، جس کے بعد صارفین کو آن لائن درخواست جمع کراتے وقت ٹیسٹ رپورٹ بھی لازمی طور پر اپ لوڈ کرنا ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جب تک الیکٹرک انسپکٹر کی جانب سے رپورٹ کی آن لائن تصدیق نہیں ہو جاتی، اس وقت تک صارف کو ڈیمانڈ نوٹس جاری نہیں کیا جائے گا۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد لیسکو کی جانب سے صارف کو میٹر اور دیگر ضروری میٹریل فراہم کیا جائے گا، جس کے بعد نیا کنکشن نصب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:سیلاب متاثرین کو 17 ارب کا ریلیف، اگست کے گھریلو بجلی بل معاف

لیسکو حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی کے نظام میں شفافیت، حفاظت اور غیرقانونی کنکشنز کی روک تھام ہے۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ نئی شرائط سے درخواست کا عمل مزید پیچیدہ اور وقت طلب ہو جائے گا۔

توانائی ماہرین کے مطابق لیسکو کا یہ فیصلہ اگر مؤثر طور پر نافذ کیا گیا تو یہ ٹیکنیکل معیار اور صارفین کی سلامتی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔