سینئر لیگی رہنما راجہ نصیر احمد خان انتقال کر گئے
 مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر رہنما و سابق وزیر راجہ محمد نصیر احمد خان خالق حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم راجہ محمد نصیر کی فائل فوٹو
مظفر آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سینئر رہنما و سابق وزیر راجہ محمد نصیر احمد خان خالق حقیقی سے جا ملے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق راجہ محمد نصیر احمد خان طویل عرصہ سے علیل تھے اور آج انتقال کر گئے، ان کی نماز جنازہ ساڑھے 10 بجے ادا کی جائے گی۔

راجہ نصیر احمد خان کا شمار آزاد کشمیر کی معروف سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا، وہ ضلع کوٹلی کے حلقہ سہنہ سے متعدد بار رکنِ اسمبلی منتخب ہوئے اور مختلف ادوار میں وزارت کے عہدے پر فائز رہے۔

سیاسی بصیرت، عوامی خدمات اور پارٹی سے وفاداری کے باعث ا ن کا شمار مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کا سینئر ترین رہنماؤں میں ہوتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی رہنما میاں مرغوب احمد کی اہلیہ انتقال کر گئیں

راجہ محمد نصیر احمد خان کے انتقال کی خبر نے ضلع کوٹلی سمیت پورے آزاد کشمیر میں سوگ کی فضا قائم کر دی، کارکنوں اور عوام نے ان کی وفات کو ایک بڑا سیاسی اور سماجی نقصان قرار دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی پارٹی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ نصیر احمد خان کو آزاد کشمیر کی سیاست میں اصول پسندی، شرافت اور خدمتِ خلق کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔