
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحومہ طویل عرصہ سے علیل تھیں اور لاہور کے مقامی ہسپتال میں ان کا علاج معالجہ جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں اور انتقال کر گئیں۔
میاں مرغوب کی اہلیہ کے انتقال کی خبر سن کر قریبی عزیز و اقارب، سیاسی رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے پہنچ گئی۔
مرحومہ کی نمازِ جنازہ لاہور کے علاقہ کریم پارک، گول گراؤنڈ میں ادا کی گئی جس میں مقامی لیگی قیادت، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: (ن) لیگ کے رہنما نذیر خان سواتی انتقال کرگئے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز و دیگر لیگی رہنماؤں نے میاں مرغوب کی اہلیہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے بلندی درجات جبکہ اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے بھی وائس چیئرمین لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میاں مرغوب احمد سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی اہلیہ کے بلندی درجات کی دعا کی۔