افغانستان سے کشیدگی، شہریوں کا افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی
افغانستان سے کشیدگی کے معاملے پر پاکستانی شہریوں نے پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) افغانستان سے کشیدگی کے معاملے پر پاکستانی شہریوں نے پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات افغانستان کی سرحد سے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج نے پاکستان پر بزدلانہ حملہ کیا، افغان طالبان کی پوسٹوں سے فتنہ الخوارج کی مدد سے مسلسل بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، پاک فوج کی جانب سے جوابی کارروائی شروع ہوئی تو افغان طالبان اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔

اس حوالے سے پاکستانی شہریوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں ہماری فوج کی مانند طاقتور اور بہادر فوج کہیں نہیں ہے، ہم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، افغان طالبان کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

پاکستانی شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پچاس سال تک افغانیوں کو اپنے دل میں جگہ دی، افغان ہمارے ساتھ کھڑے تھے مگر اب ہمارے خلاف لڑ رہے ہیں یہ غلط ہے اسے ختم ہونا چاہئے، اگر یہ لوگ سمجھنے کو تیار نہ ہوں تو پھر انہیں اس سے زیادہ سخت جواب دیا جائے۔

ایک بزرگ شہری نے کہا کہ ہم مکمل طور پر اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک فوج کے جوان ہمارے بچے ہماری جان ہیں یہ ہماری حفاظت کرتے ہیں، ہمارے ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی وجہ یہی افغان ہیں، دہشتگردی کرنے والے یہی افغانی اور ان کے معاون لوگ ہیں یہ نمک حرام ہیں۔

پاکستانی شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ لوگ عقلمند اور سمجھدار ہوتے تو ایسا کبھی نہ کرتے، جب ان پر برا وقت آیا تھا تو یہ لوگ پاکستان میں آکر آباد ہوئے ، اس وقت بھی کسی پاکستانی نے ان افغان مہاجرین کے ساتھ زیادتی نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کی جوابی کارروائی افغانستان کوآئندہ کیلئے واضح پیغام

شہریوں نے کہا کہ ہم کمزور نہیں ہیں ہم ہر قسم کا جواب دے سکتے ہیں اور ہم نے دیا ہے، حقیقت یہ ہے کہ ہم نے انہیں پچاس سال پناہ دی اور اب یہ بھارت کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ ہمارے ملک پر حملے کر رہے ہیں یہ ہمارے دشمن ہیں۔

پاکستانی شہریوں کا کہنا تھا کہ افغانیوں کے بچے یہاں جوان ہوئے پھر بھی یہ پاکستان کے بارے میں برا کہتے ہیں، یہ بھارت کی حمایت کرتے ہیں جو ہندو ملک ہے، اللہ پاک ہماری فوج کو طاقت اور زندگی عطا کرے، ہماری فوج بہت بہادر اور نڈر ہے یہ ہماری حفاظت کر رہی ہے۔

شہریوں نے کہا کہ افغانستان سے ایک بار حملہ ہوا تو پاک فوج نے کچھ نہیں کہا دوبارہ حملہ ہوا تو جواب دیا، ہر طرف دہشتگردی پھیل رہی ہے جہاں بھی دیکھو ان افغانیوں کا نام آتا ہے، بھارت افغانیوں کو پاکستان کیخلاف استعمال کرتا ہے۔

پاکستانی شہریوں کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سے درخواست ہے اب ان افغان مہاجرین کو جلد از جلد پاکستان سے نکالا جائے، ہمارے ملک کو ان افغانیوں نے تباہ کردیا ہے، جب یہ مسئلہ ختم ہو جائے گا تو ہمارا ملک بھی بہتر ہوگا اور ہم خوشحال زندگی بسر کرینگے۔