سندھ: ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ، جلسوں، دھرنوں پر پابندی عائد
سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، سندھ حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ آئی جی سندھ کی سفارش پر کیا گیا ہے، جنہوں نے مختلف انٹیلی جنس کی رپورٹس کی روشنی کی روشنی میں حکومت کو آگاہ کیا تھا کہ موجودہ حالات میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ دفعہ 144کے تحت ایک ماہ کے لیے صوبہ بھر میں جلسے جلوسوں، ریلیوں اور دھرنوں پر مکمل پابندی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری، الاونس میں زبردست اضافہ

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ دفعہ 144 کے تحت سندھ بھر میں 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پرپابندی ہو گی، پابندی کا اطلاق سندھ بھر میں فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، پابندی ایک ماہ تک برقرار رہے گی۔

محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن مطابق کسی بھی شخص یا گروہ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو سیکشن 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔