
جاری کردہ شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے اسمبلی کا اجلاس کل 13 اکتوبر بروز سوموار صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔
اسمبلی سیکریٹری کے مطابق امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی دوپہر 3 بجے تک جمع کرا سکیں گے، کاغذات جمع ہونے کے بعد ان کی فوری اسکروٹنی کی جائے گی اور تمام کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہونے پر شام 5 بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کے موقع پر اسمبلی اجلاس کی کارروائی براہِ راست میڈیا کو دکھانے کی اجازت دی جائے گی، تاکہ عوام کو انتخابی عمل سے آگاہ رکھا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی نے جے یو آئی سے حمایت مانگ لی
اسمبلی اجلاس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں، پولیس کی اضافی نفری اسمبلی ہال اور اطراف کے علاقوں میں تعینات ہوگی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کا عہدہ حالیہ سیاسی تبدیلیوں کے بعد خالی ہوا تھا، جس کے باعث نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کیلئے یہ اجلاس نہایت اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔