
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا وفد جے یو آئی کے صوبائی مرکز پہنچا جہاں دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
وفد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر جنید اکبر، عرفان سلیم اور دیگر رہنما شامل تھے، جبکہ جے یو آئی کی جانب سے صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عطا الحق درویش، مولانا جلیل جان اور دیگر رہنماؤں نے وفد کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وفد نے وزیراعلیٰ کے امیدوار سہیل آفریدی کی حمایت کیلئے جے یو آئی سے تعاون کی درخواست کی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں جماعتوں نے سیاسی استحکام کیلئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنماؤں کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر جنید اکبر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم صوبے میں جمہوری عمل کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز طلب کرلیا گیا ہے جس میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کا عمل مکمل ہوگا۔
دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا یہ قدم ممکنہ طور پر صوبائی اقتدار کے حصول کیلئے نئی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس سے خیبرپختونخوا کی سیاست میں نئی صف بندیوں کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔