پی ٹی آئی رہنماؤں کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان
PTI leaders join PML-N
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی یونین کونسل 105 کھاڑک میں سیاسی منظرنامے پر ایک بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عدنان بٹ، کامران بٹ اور ان کے متعدد ساتھیوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

اس موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

علاوہ ازیں تقریب میں چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) ملک بلال ذوالفقار کھوکھر سمیت علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تقریب کے دوران نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا شاندار استقبال کیا گیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے انہیں پارٹی کے منشور اور قیادت پر اعتماد کا اظہار کرنے پر مبارکباد دی۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھاڑک سمیت لاہور کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

علاقے کے عوام نے بھی صوبائی وزیر سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے شامل ہونے والے رہنما علاقے کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں گے۔