پنجاب کے اسکولوں کو انسدادِ ہراسانی کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم
Punjab schools
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کے لیے انسدادِ ہراسانی (Anti-Harassment) کمیٹیوں کا قیام لازمی قرار دے دیا۔

یہ ہدایت اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (SED) کی جانب سے جمعرات کو جاری کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے انٹرنیشنل ڈے آف دی گرل چائلڈ کے موقع پریہ احکامات جاری کیے تھے۔

SED نے ہدایت دی ہے کہ ہر پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکول فوری طور پر انسدادِ ہراسانی کمیٹی تشکیل دے۔ ہر کمیٹی کی صدارت اسکول کے ہیڈ (سربراہ) کے پاس ہو گی اور اس میں کم از کم تین اساتذہ شامل ہوں گے جن میں خواتین کی نمائندگی لازمی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری: الاونس میں زبردست اضافہ

یہ کمیٹیاں درج ذیل ذمہ داریاں ادا کریں گی:

  • شکایات کو رازداری کے ساتھ وصول کرنا اور ان پر تحقیق کرنا
  • شکایت کنندگان کو کارروائی کے دوران تحفظ فراہم کرنا
  • شفاف اور منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنانا
  • تمام کارروائی کا ریکارڈ رکھنا
  • باقاعدگی سے ضلعی تعلیمی اتھارٹیز (DEAs) کو رپورٹ جمع کروانا

خیال رہے کہ یہ اقدام اسکولوں میں طلباء بالخصوص بچیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔