
ایک روز قبل حکام نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسکولوں کی جلد بندش کا اعلان کیا تھا جب مذہبی سیاسی جماعت نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا آغاز کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نجی اسکولز ایسوسی ایشن نے بھی ہفتے کے روز متاثرہ علاقوں میں تعطیل کا اعلان کردیا تھا۔
متعدد اہم سڑکیں بالخصوص ریڈ زون کے داخلی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بھی نصف شب سے غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہیں۔
فیض آباد انٹرچینج، زیرو پوائنٹ اور ایکسپریس وے جزوی طور پر بند ہیں جہاں صرف ایک گاڑی کے گزرنے کی اجازت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ ای سی نے ملک بھر میں امتحانات منسوخ کر دیے
موٹر وے M-2 کو لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے انٹری بند ہے۔
متاثرہ اہم مقامات:
- اسلام آباد: سرینا چوک، ایکسپریس چوک، نادرا چوک، میریٹ چوک کنٹینرز لگا کر راستے بند
- راولپنڈی و اسلام آباد: راول ڈیم چوک اور ناز سینما کے علاقوں سمیت کئی راستے سیل
- میٹرو بس سروس: راولپنڈی-اسلام آباد میٹرو مکمل معطل، لاہور میں اورنج لائن (علی ٹاؤن تا ڈیرہ گجراں) بند
- یونیورسٹیز و کالجز: لاہور کے تمام تعلیمی ادارے بند، یونیورسٹیز کی کلاسز منسوخ، فوری انخلاء کی ہدایات
خیال رہے کہ حکام نے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت عوامی اجتماعات اور نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔