پی آئی اے کی اپنے مسافروں کو نئی ٹریول ایڈوائزری جاری
اسلام آباد اور لاہور میں جاری احتجاجی مظاہروں کے باعث قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے لگا
اسلام آباد اور لاہور میں جاری احتجاجی مظاہروں کے باعث قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوا/ فائل فوٹو
کراچی: (ارشاد سنجرانی) اسلام آباد اور لاہور میں جاری احتجاجی مظاہروں کے باعث قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر ہونے لگا۔ ایئرلائن انتظامیہ نے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کر کے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اسلام آباد اور لاہور میں سڑکوں کی بندش کے باعث پروازوں میں تاخیر کا امکان بڑھ گیا ہے۔ احتجاجی دھرنوں اور ٹریفک جام کی صورتحال نے ایئرلائن کے عملے کو بھی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث بعض پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق عملے کے کئی اراکین ایئرپورٹس تک وقت پر نہیں پہنچ پا رہے، جس سے فلائٹ آپریشن متاثر ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نادرا، اوورسیز کیلئے مختلف ممالک میں اپنے کاؤنٹرز فعال

پی آئی اے نے اپنے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے پی آئی اے ہیلپ لائن 111-786-786 پر رابطہ کریں۔ مزید کہا گیا ہے کہ مسافر اپنی پرواز کے وقت سے کم از کم چار سے پانچ گھنٹے قبل ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں تاکہ ٹریفک یا سڑکوں کی بندش کے باعث پرواز نہ چھوٹے۔
ایئرلائن کے مطابق، ملک کے مختلف حصوں میں جاری احتجاجی سرگرمیوں کی وجہ سے ایئرپورٹس کے راستوں پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ پروازوں کے شیڈول کو زیادہ سے زیادہ برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم حالات کی نزاکت کے پیش نظر تاخیر سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
پی آئی اے نے اپنے مسافروں سے پیش آنے والی ممکنہ زحمت پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر لائن کی ٹیم مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، فلائٹ آپریشن کو مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر حفاظتی انتظامات میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ اندرون ملک پروازوں کو ترجیحی بنیادوں پر منظم کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بڑے تعطل سے بچا جا سکے۔