نادرا: اوورسیز کیلئے مختلف ممالک میں اپنے کاؤنٹرز فعال
نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے مختلف ممالک میں اپنے سروس کاؤنٹرز فعال کر دیئے ہیں
نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے مختلف ممالک میں اپنے سروس کاؤنٹرز فعال کئے/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے مختلف ممالک میں اپنے سروس کاؤنٹرز فعال کر دیئے ہیں۔

نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کینیڈا کے دو بڑے شہروں مونٹریال اور وینکوور میں کاؤنٹرز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یورپ میں اٹلی کے شہر میلان میں بھی نادرا کی سروسز دستیاب ہیں۔ خلیجی ممالک میں بحرین کے دارالحکومت مناما اور اردن کے دارالحکومت عمان میں بھی نادرا کے کاؤنٹرز کام شروع کر چکے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی نادرا کا کاؤنٹر جلد ہی فعال کر دیا جائے گا، تاکہ یورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو مزید سہولت مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا کا شناختی کارڈ، اسمارٹ آئی ڈی کارڈ کی نئی فیس کا اعلان

نادرا کے مطابق ان نئے مراکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانی نہ صرف اپنے قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور اجراء جیسے کام بآسانی کر سکیں گے بلکہ دیگر خدمات جیسے بچوں کی رجسٹریشن، ب فارم، اور شناختی دستاویزات کی تصدیق بھی بغیر کسی تاخیر کے حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حکومت پاکستان کے ویژن کے مطابق ہے جس کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور انہیں قومی نظام کا حصہ بنائے رکھنا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے ان کاؤنٹرز پر تیز اور محفوظ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ نادرا اس سے قبل امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا میں بھی اپنے سروس سینٹرز قائم کر چکا ہے جہاں لاکھوں پاکستانی ان خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ نئے کاؤنٹرز کے قیام سے توقع ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے نادرا کی رسائی مزید بہتر اور موثر ہو جائے گی۔