
اسلام آباد میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی صدارت میں پرائیویٹ حج سکیم کے تحت ڈیپنڈنٹ حج کمپنیوں اور ہوپ سینٹرل، زونل کے عہداران کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں پرائیوٹ حج سکیم کا جائزہ لیا گیا۔
دوران اجلاس حکام نے بتایا کہ ابھی تک پرائیویٹ سکیم کے تحت 40 ہزار عازمین حج کی بکنگ مکمل ہوئی ہے جبکہ کوٹہ 60 ہزار مختص ہے، وفاقی کابینہ کی منظور شدہ حج پالیسی 2026 کے تحت پرائیویٹ عازمینِ حج کی رجسٹریشن کا عمل 17 اکتوبر تک مکمل کرنا لازمی ہے۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نےتمام ڈیپنڈنٹ حج کمپنیوں کو بقایا 7 دنوں میں 20 ہزار پرائیویٹ عازمین حج کی بکنگ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
سردار محمد یوسف نے ڈیپنڈنٹ حج کمپنیوں کو پرائیویٹ عازمینِ حج کی بکنگ مکمل کرنے کے لیے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی تاکہ مقررہ تاریخ تک کوٹہ کے مطابق بکنگ کو ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: عمرہ کےخواہشمند افراد کی سنی گئی،سعودی عرب کا بڑااعلان
دوسری جانب سعودی عرب نے مملکت میں موجود تمام اقسام کے ویزا ہولڈرز کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دے دی ۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس فیصلے کے تحت ذاتی، خاندانی، ای-ٹوورسٹ، ورک، ٹرانزٹ اور دیگر تمام ویزا رکھنے والے افراد بھی اب با آسانی عمرہ کے مناسک ادا کر سکیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزارت نے حال ہی میں نسک عمرہ پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے، جہاں زائرین آن لائن پیکجز کا انتخاب کر کے الیکٹرانک عمرہ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں، اس پلیٹ فارم کے ذریعے زائرین اپنی سہولت کے مطابق تاریخ، وقت اور سروسز کا انتخاب کر سکیں گے، جس سے انتظامی امور میں شفافیت اور آسانی پیدا ہوگی۔
وزارتِ حج و عمرہ نے بتایا کہ اس اقدام سے نہ صرف زائرین کی سہولت میں اضافہ ہوگا بلکہ حج و عمرہ کے شعبے میں خدمات کا معیار بھی مزید بلند ہوگا، دنیا بھر سے آنے والے مسلمانوں کیلئے جدید سہولیات، سلامتی اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا سعودی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ اس عزم کی تجدید ہے کہ زائرین کو دونوں مقدس مساجد میں عبادات کیلئے بہترین انتظامات فراہم کیے جائیں تاکہ ان کا ایمان افروز سفر مزید بابرکت، آسان اور یادگار بن سکے۔