پنجاب میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان
Polio vaccination campaign
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں انسداد پولیو مہم 13 اکتوبر سے شروع کی جائے گی۔

یہ انسداد پولیو مہم نیشنل امیونائزیشن ڈیز (NIDs) کے تحت چلائی جائے گی جو لاہور میں 19 اکتوبر تک جاری رہے گی جبکہ دیگر اضلاع میں یہ مہم چار دن تک جاری رہے گی۔

اس گھر گھر مہم میں دو لاکھ سے زائد پولیو ورکرز اور نگران حصہ لیں گے جن کا ہدف پانچ سال سے کم عمر کے 2 کروڑ 33 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔

جمعہ کو منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (EOC) کے کوآرڈینیٹرعدیل تصور نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ اور سیکیورٹی کے لحاظ سے حساس علاقوں میں آپریشن کو مؤثر بنائیں۔

عدیل تصورکا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ ٹیموں میں تسلسل بہت ضروری ہے تاکہ معیار برقرار رہے۔ غیر ضروری ٹیموں کی تبدیلی سے گریز کیا جائے اور تمام نئے انتظامی افسران خاص طور پر ڈپٹی کمشنرز کو بروقت بریفنگ دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: گھریلو ملازمین کے لیے ملازمت کا لیٹر لازمی قرار

انہوں نے ڈیٹا کی شفافیت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی ڈیٹا میں ردوبدل برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام ضلع صحت افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ مانیٹرنگ میں فعال کردار ادا کریں تاکہ مہم کے دوران بروقت نگرانی اور مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے اضلاع کو ہدایت کی کہ وہ ان علاقوں پر خصوصی توجہ دیں جہاں پولیو ویکسین سے متعلق شکوک و شبہات یا انکار پایا جاتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک کمیونٹی سینٹرڈ اپروچ اپنانے کی تاکید کی جس میں مقامی بزرگوں، مذہبی رہنماؤں، اساتذہ اور دیگر بااعتماد شخصیات کو شامل کر کے پولیو مہم پر اعتماد بحال کیا جا سکے۔