پنجاب: گھریلو ملازمین کے لیے ملازمت کا لیٹر لازمی قرار
Punjab labour law
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے حکم دیا ہے کہ صوبے بھر میں صبح سے شام تک گھروں میں کام کرنے والے تمام گھریلو ملازمین کو ملازمت کا باقاعدہ لیٹر جاری کیا جائے۔

نئے لیبر قانون کے تحت گھریلو ملازمین کو اب کئی اہم سہولیات حاصل ہوں گی جن میں کم از کم ماہانہ تنخواہ 40,000 روپے، سالانہ ادا شدہ رخصت، زچگی کی چھٹی اور اوور ٹائم پر ڈبل تنخواہ شامل ہیں۔

نئے ضوابط کے مطابق کوئی بھی گھرانہ کسی گھریلو ملازم کو بغیر باقاعدہ ملازمت کے لیٹر کے ملازم نہیں رکھ سکے گا۔ اس لیٹر میں ملازم کی ملازمت کی شرائط اور ذمہ داریاں واضح طور پر درج ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سندھ کا صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان

مزید یہ کہ یونین کونسل کی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی تاکہ گھریلو ملازمین اور مالکان کے درمیان پیدا ہونے والے جھگڑوں کو بروقت اور منصفانہ طریقے سے حل کیا جا سکے۔

یہ قانون اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ تمام گھریلو ملازمین کو صاف، محفوظ اور باعزت کام کا ماحول فراہم کیا جائے۔