گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے بڑی خوشخبری
Indus Motors used cars
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کی معروف آٹو کمپنی انڈس موٹرز نے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق کمپنی نے یہ قدم حکومت کی جانب سے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کی اجازت ملنے کے بعد اٹھایا ہے۔

انڈس موٹرز نے اس سلسلے میں انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) سے رابطہ کر لیا ہے تاکہ درآمدی عمل سے متعلق تمام قواعد، ضوابط اور دستاویزی تقاضوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔

کمپنی کے مطابق وہ مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری کا عمل جاری رکھے گی تاکہ مقامی صنعت اور روزگار کو نقصان نہ پہنچے، تاہم اب وہ استعمال شدہ گاڑیوں کی مارکیٹ میں بھی باضابطہ طور پر داخل ہونے کو تیار ہے۔

انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی تمام قانونی اور تکنیکی معاملات مکمل ہوں گے، کمپنی مختلف ماڈلز کی استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کرے گی تاکہ صارفین کو زیادہ متنوع آپشنز فراہم کیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب راشن کارڈ کیلئے اہلیت اور رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری

 

 

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا درآمد شدہ استعمال شدہ گاڑیاں مقامی طور پر تیار کی گئی گاڑیوں سے سستی ہوں گی، تو انہوں نے کہا کہ حقیقی فرق اس وقت واضح ہوگا جب درآمدی عمل باضابطہ طور پر شروع ہوگا۔

سی ای او کے مطابق کمپنی کے پاس ملک بھر میں 58 ڈیلرشپس کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے، جہاں تربیت یافتہ انجینئرز اور ٹیکنیشنز موجود ہیں جو صارفین کو گاڑیاں خریدنے کے بعد بہترین آفٹر سیلز سروس فراہم کریں گے۔