علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کے بعد پی ٹی آئی میں اکھاڑ پچھاڑ کی بازگشت
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امین گنڈاپور کی تبدیلی کے بعد پارٹی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امین گنڈاپور کی تبدیلی کے بعد پارٹی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو بھی تبدیل کے جانے کا امکان ہے جبکہ ان کی جگہ صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر خان کو تحریک انصاف کا نیا چیئرمین بنایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کی بھی چھٹی متوقع ہے جبکہ ان کی جگہ رؤف حسن کو سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی لگائے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اپنی تبدیلی کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کی چیئرمین شپ کا کوئی معاملہ نہیں ہے، ایسی افواہیں پارٹی میں تقسیم کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی پارٹی کو پنجاب اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اگر آج میں استعفیٰ دوں پی ٹی آئی پارٹی ہیڈ سے فارغ ہوجائے گی، اگر میں استعفیٰ دوں تو سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پارٹی ختم ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو ہٹا کر قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا۔

سہیل آفریدی کی نامزدگی کے بعد علی امین گنڈاپور نے وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو بھجوا دیا تھا۔