عمران خان کی پارٹی کو پنجاب اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت
 بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی کو پنجاب اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی کو پنجاب اسمبلی کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین قریشی کو کمیٹیوں سے مستعفی ہونے سے متعلق ضروری ہدایات دیں، بانی کی ہدایت کے بعد اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کی تمام اسٹینڈنگ کمیٹیوں اور پبلک اکاؤنٹ کمیٹی (پی اے سی )سے مستعفی ہونے کااعلان کر دیا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے استعفے دینےکی تیاری کرلی،اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینز کو استعفے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی کی پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی اپوزیشن اراکین نہ صرف اسٹینڈنگ کمیٹیوں سے استعفے مجھے جمع کرائیں بلکہ حکومتی گاڑیاں بھی واپس کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین آزاد قرار

ذرائع کا بتانا ہے کہ اپوزیشن ارکان اسمبلی 13اکتوبر کو اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے استعفے سپیکر آفس میں جمع کروائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پنجاب اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا، اپوزیشن رکن شیخ امتیاز محمود نے لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹیز سے استعفیٰ دے دیا۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب میں پی ٹی آئی کے پاس 14 سٹینڈنگ کمیٹیز ہیں، بانی نے تمام سٹینڈنگ کمیٹیز سے استعفی دینے کی ہدایت کی ہے۔