
ایچ ای سی کے مطابق پاکستانی طلبہ امریکا کی تین سو بہترین جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے، منصوبہ پاک۔امریکا علم راہداری کے تحت شروع کیا گیا ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ موسمِ بہار کے مرحلے کے لیے درخواستوں کی آخری تاریخ 15 نومبر 2025 مقرر کی گئی ہے، درخواستیں صرف ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
امیدوار کے لیے پاکستانی یا آزاد کشمیر کا شہری ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، امیدوار کے پاس کم از کم سولہ سالہ تعلیم ہونا ضروری ہے، اسکالرشپ میں فیس، ماہانہ وظیفہ، علاج اور واپسی کا ہوائی ٹکٹ شامل ہے۔
دوسری جانب اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے حکومتِ پاکستان کے حکم پر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کے ذہین اور مستحق طلباء سے فلی فنڈڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں تعلیم کے خواہشمند طلباء کیلئے اہم اعلان
یہ پروگرام خاص طور پر ان طلباء کیلئے متعارف کرایا گیا ہے جو معاشی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق اس پروگرام کے تمام تر اخراجات حکومتِ پاکستان برداشت کرے گی، تاکہ کوئی بھی ہونہار طالبعلم مالی تنگی کے باعث اپنی تعلیم سے محروم نہ رہے۔
اس اسکالرشپ کے تحت ایچ ای سی سے منظور شدہ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو سہولت فراہم کی جائے گی، پروگرام کا دائرہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز میں زیرِ تعلیم طلباء تک محدود ہوگا۔
منتخب طلبہ کو ماہانہ فیس، کتابوں کے اخراجات اور دیگر تعلیمی ضروریات کیلئے مکمل مالی معاونت دی جائے گی۔