
ترجمان نادرا سید شباہت علی نے بتایا کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ نے عوام کیلئے شناختی خدمات کا طریقہ کار بدل کر رکھ دیا ہے۔ شہری اب گھر بیٹھے اپنے شناختی کارڈ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) اور دیگر دستاویزات کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف تین ماہ کے دوران 12 لاکھ سے زائد درخواستیں پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے موصول ہوئی ہیں، جبکہ ایپ کو اب تک ایک کروڑ سے زیادہ شہری ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں۔ یہ ایپ اب ملک کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی قابل اعتماد عوامی سروسز میں شمار کی جا رہی ہے۔
سید شباہت علی کے مطابق شہری اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے بایومیٹرک تصدیق، دستاویزات اپ لوڈ اور درخواست کی براہ راست ٹریکنگ بھی کر سکتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے روزانہ اوسطاً 10 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے جا رہے ہیں، جس سے عوامی سہولت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان نادرا نے مزید کہا کہ پاک آئی ڈی ایپ کی بدولت نادرا کو ڈیجیٹل درخواستوں میں 45 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ڈیجیٹل شناختی نظام پر تیزی سے منتقل ہو رہے ہیں۔
نادرا کی یہ نئی ڈیجیٹل سہولت پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ای گورننس کی سمت ایک اہم قدم آگے لے جا رہی ہے۔