
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں بھارتی سول اور عسکری قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں افواج کی آپریشنل تیاریوں، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی، جاری آپریشنز اورعلاقائی کشیدگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
فورم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا مؤثر اور فیصلہ کن انداز میں مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، فیلڈ مارشل نے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف لڑنے والے جوانوں کی بہادری، ان کی قربانیوں اور سیلاب کے دوران ریلیف آپریشنز میں سول انتظامیہ اور فوجی دستوں کے مؤثر تعاون کی بھی تعریف کی۔
شرکاء نے کہا کہ سیاسی سرپرستی میں دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ سے ریاست کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جسے ختم کرنا ضروری ہے، بھارت کی سول اورعسکری قیادت کی جانب سے سیاسی فائدے کے لیے جنگی جنون کو ہوا دی جا رہی ہے جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا اورکزئی میں آپریشن، مقابلے میں 11 جوان شہید
ترجمان پاک فوج کے مطابق شرکاء نے پاکستان کی حالیہ اعلیٰ سطحی سفارتی مصروفیات اور پاک سعودی عرب تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیائی میں امن و سلامتی کے لیے مشترکہ وژن کو تقویت دیتا ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فلسطین کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے 1967 سے قبل کی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈرز کو اعلیٰ نظم و ضبط، فٹنس اور تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا فیصلہ کن اور فوری جواب دیا جائے گا۔