پنجاب: اسموگ پر قابو پانے کے لیے اینٹی اسموگ اسکواڈز متحرک
Lahore pollution control
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع میں اسموگ پیدا کرنے والی سرگرمیوں کی نگرانی اور کارروائی کے لیے اینٹی اسموگ اسکواڈز تعینات کر دیے گئے ۔

یہ فیصلہ لاہور کی کمشنر مریم خان کی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنرز اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کمشنر مریم خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ فصلوں کی باقیات کو جلانے کے خلاف خصوصاً موٹروے اور شہری علاقوں کے قریب دفعہ 144 کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کچرا، ٹائر یا ناقص ایندھن جلانا سختی سے ممنوع ہے اور تمام اضلاع کو اس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ میں اوورچارجنگ کی شکایات کے لیے ہیلپ لائن کا آغاز

ڈینگی کی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم کوئی ہلاکت واقع نہیں ہوئی، جاری انسدادِ ڈینگی مہم کے دوران 1,600 سے زائد ڈینگی افزائش مقامات تلف کیے گئے۔ کمشنر نے کہا کہ اکتوبر ڈینگی سے بچاؤ کے لیے نہایت اہم مہینہ ہے اور تمام اضلاع میں 100 فیصد لاروا سرویلنس یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں لاہور میں ای-بس اسٹیشن پوائنٹس کی نشاندہی شامل ہے جو جلد حتمی شکل اختیار کرے گی۔ اس کے علاوہ اضلاع میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے سروے بھی متعلقہ محکموں کے تعاون سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔