پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے بتا دیا
heavy rain alert
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے بعد صوبے کے مختلف اضلاع میں فلڈ بحالی کا عمل جاری ہے، مجموعی طور پر 27 اضلاع میں بحالی سروے مکمل کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نورپورتھل میں 47 ملی میٹر، فیصل آباد میں 42 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 35 ملی میٹر جبکہ لاہور میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین اور گجرات سمیت دیگر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث دریائے سندھ، جہلم اور چناب میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کا شفاف سروے یقینی بنانے کیلئے پاک فوج، اربن یونٹ اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں، اب تک ایک لاکھ 27 ہزار متاثرین اور 88 ہزار سے زائد کسانوں سے تفصیلات حاصل کی جا چکی ہیں۔