
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور واپسی کیلئے حکومت عالمی شراکت داروں اور متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دوست یورپی ملک کے سفارتی ذرائع سے یہ تصدیق ہوئی ہے کہ مشتاق احمد خان اسرائیلی فوج کی حراست میں ہیں، لیکن وہ محفوظ ہیں اور ان کی صحت کے حوالے سے کوئی تشویشناک اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مقامی قوانین کے مطابق مشتاق احمد کو اسرائیلی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد ڈی پورٹیشن آرڈر جاری ہوتے ہی ان کی واپسی کے انتظامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ان پاکستانی شہریوں کی واپسی بھی ممکن بنائی جا چکی ہے جو فلوٹیلا سے پہلے ہی اتر گئے تھے۔
پاکستان کی جانب سے ان ممالک کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس انسانی ہمدردی کے مشن میں تعاون فراہم کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان اپنے تمام شہریوں کے تحفظ اور بحفاظت وطن واپسی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



