روہت شرما کی پاکستان آمد؟ بھارٹی کرکٹ بورڈ نے بتا دیا
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نے روہت شرما کے دورہِ پاکستان کے بارے میں خاموشی توڑ دی
بھارتی کپتان روہت شرما پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کیساتھ خوشگوار موڑ میں/ فائل فوٹو
نئی دلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری نے روہت شرما کے دورہِ پاکستان کے بارے میں خاموشی توڑ دی۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) کے نئے تعینات ہونے والے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے انڈین کپتان روہت شرما کے پاکستان جانے کے حوالے سے کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔

بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے روہت شرما کے پاکستان آنے کے سوال پر جواب دیا کہ میزبان ملک ہونے کے ناطے پاکستان اس صورتحال سے فائدہ اٹھائے گا، بھارت کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے سمجھوتہ کرنے کی ضرورت ہوگی کیونکہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ ان کی بات چیت کا حصہ نہیں تھا۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل تمام کپتان پاکستان میں روایتی میڈیا سیشن میں شرکت کریں گے، ایونٹ کی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس میں ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ ماہ 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جانی ہے۔ تاہم بھارتی حکومت اور بورڈ کی ہٹ دھرمی کے باعث بلیو شرٹس میگا ایونٹ کھیلنے پاکستان نہیں آئے گی اور اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا باقاعدہ آغاز 19 فروری کو میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو رہا ہے اور اس سے قبل افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔