مفت تعلیم: ہونہار پلس سکالر شپ پروگرام کا اعلان،اہلیت کیا؟
Scholarship Program
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے آئندہ تعلیمی سال کیلئے ذہین اور ہونہار طلبا کیلئے ایک شاندار قدم اٹھاتے ہوئے ہونہار پلس اسکالرشپ پروگرام شروع کر دیا ہے۔

یہ پروگرام صوبے کے قابل طلبا کو دنیا کی اعلیٰ 200 یونیورسٹیوں اور آئی وی لیگ اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا سنہری موقع فراہم کرے گا۔

اس اسکالرشپ کے تحت منتخب طلبا کو 100 فیصد مالی معاونت دی جائے گی جس میں ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، ہیلتھ انشورنس اور سالانہ ایئر ٹکٹ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق ہر طالب علم پر اوسطاً 1 کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ ہوں گے، جبکہ مجموعی طور پر 800 طلبا کو 4 سال تک یہ سہولت میسر ہوگی۔

پروگرام میں ایم ایس، ماسٹرز، ایم فل، ٹریننگ اور ایکسچینج پروگرامز شامل ہیں۔ حکومت پنجاب اس منصوبے پر تقریباً 13 ارب روپے خرچ کرے گی تاکہ صوبے کے ذہین طلبا عالمی معیار کی تعلیم حاصل کر کے پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

اسکالرشپ کیلئے صرف وہ طلبا اہل ہوں گے جنہوں نے کم از کم 16 سالہ تعلیم مکمل کر رکھی ہو، ان کا CGPA کم از کم 3.50 ہو اور پنجاب کا ڈومیسائل رکھتے ہوں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پروگرام میں عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی اور تمام نشستیں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں گی۔

ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف پاکستان کے تعلیمی معیار کو بلند کرے گا بلکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو بھی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔