سندھ حکومت کا پہلی سرکاری الیکٹرک ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان
Sindh electric taxi
فائیل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے دسمبر 2025 تک پاکستان کی پہلی سرکاری طور پر چلنے والی الیکٹرک ٹیکسی سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

شہری ٹرانسپورٹ کو پائیدار بنانے کی طرف ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے سندھ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں (EVs) پر مشتمل پاکستان کی پہلی سرکاری ٹیکسی سروس متعارف کرانے کی تیاری تیز کر دی ہے۔

پیر کے روز کراچی میں صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ سیکرٹری اسد  ضامن اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی منیجنگ ڈائریکٹر کنول نظام بھٹو سمیت دیگر اہم حکام نے شرکت کی جہاں منصوبے کی تازہ ترین صورتحال اور عمل درآمد کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔

وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک اہم سنگِ میل ہے جس کا مقصد عوام کو جدید، ماحول دوست اور مؤثر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے تاکہ عوام کو اعلیٰ معیار اور ماحول دوست سہولیات میسرآ سکیں۔

سندھ حکومت پہلے ہی ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی قیادت کر رہی ہے جیسے کہ الیکٹرک بسیں، خواتین کے لیے پنک بس سروس اور طالبات کے لیے الیکٹرک اسکوٹر اسکیم۔ اب پنک EV ٹیکسیوں کا آغاز اس وژن کو مزید تقویت دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے قائداعظم ٹرافی 26-2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا

مستقبل کے منصوبوں میں ڈبل ڈیکر بسوں کی تعیناتی اور کراچی میں الیکٹرک بس فلیٹ کو مزید وسعت دینا شامل ہے۔ حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ اس سبز انقلاب کو پائیدار بنایا جا سکے۔

وزیر میمن نے کراچی کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش کا بھی ذکر کیا اور یقین دلایا کہ حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ ترقی اور جدت کو فروغ ملے۔

خیال رہے کہ یہ پرعزم منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کی عالمی کوششوں کے ساتھ ہم آہنگ ہے بلکہ کراچی کے شہریوں کے روزمرہ سفر کو بہتر بنانے کا بھی وعدہ کرتا ہے۔