
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ہونے والی عوامی سماعت کے دوران انکشاف کیا گیا ہے کہ جولائی کی منفی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ختم اور اگست کی مثبت ایڈجسٹمنٹ شامل ہونے کے بعد صارفین کو فی یونٹ 1 روپے 98 پیسے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔
پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق ستمبر میں دی جانے والی 1 روپے 79 پیسے فی یونٹ کی رعایت ختم ہو جائے گی جبکہ اگست کی 19 پیسے فی یونٹ ایڈجسٹ کا اطلاق ہوگا۔اس طرح بجلی کے بلوں میں مجموعی طور پر 2 ارب 62 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
سی پی پی اے-جی حکام نے بتایا کہ اگست میں بجلی کی پیداواری لاگت 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ رہی جو ریفرنس لاگت 7 روپے 31 پیسے سے زیادہ تھی لہذا فرق پورا کرنے کے لیے اضافہ کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نئی بین الاقوامی پروازوں کا آغاز
حکام نے بتایا کہ اگست میں ہائیڈرو پاور کی پیداوار میں کمی ہوئی جس کی وجہ صوبائی سطح پر سیلاب کے باعث ڈیموں سے کم پانی کا اخراج تھا اس کمی کو پورا کرنے کے لیے مہنگے درآمدی کوئلے اور آر ایل این جی پر انحصار کرنا پڑا ہے۔
پاور ڈویژن نے وضاحت دی کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں کی معافی کا بوجھ عام صارفین پر نہیں ڈالا جائے گا بلکہ اس کا خرچ وفاقی حکومت خود برداشت کرے گی۔



