
قومی اسمبلی میں سوال و جواب کے سیشن کے دوران پارلیمانی سیکریٹری برائے دفاع زیب جعفر نے ارکان کو بتایا کہ پی آئی اے نے گزشتہ سال 9.3 ارب روپے کا آپریٹنگ منافع اور 26 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی اصلاحات کے بعد قومی ایئرلائن اب مشرقِ وسطیٰ میں اپنی پروازیں بڑھا رہی ہے جبکہ کوالالمپور، باکو اور استنبول کے لیے نئی پروازیں بھی شامل کی جا رہی ہیں۔
اسی موقع پر زیب جعفر نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان آرمی کے 80 فیصد شعبے اب خواتین کی بھرتی کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 5,000 سے زائد خواتین پاک فوج میں خدمات انجام دے رہی ہیں جن میں سے تقریباً 700 گزشتہ تین برسوں میں کمیشن حاصل کر چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا غیر رجسٹرڈ سمز فوری بند کرنے کا حکم
تاہم وہ شعبے جو انتہائی جسمانی طاقت اور طویل مدت تک خطرناک حالات میں کام کرنے کا تقاضا کرتے ہیں، ابھی بھی خواتین کے لیے محدود ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین افسران کے لیے ایک علیحدہ کیریئر مینجمنٹ پالیسی موجود ہے جس میں تربیت اور ترقی کے پروگرام شامل ہیں تاکہ انہیں فوج میں مساوی ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔



