
خاندانی ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی والدہ گزشتہ پانچ برس سے شدید بیمار تھیں، مرحومہ کراچی کے ضیاءالدین ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مرحومہ کا جسد خاکی ان کے آبائی شہر نواب شاہ لنجار ہاؤس لے جایا جائے گا اور تدفین بھی نواب شاہ میں کی جائے گی تاہم نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ضیاء الحسن لنجار کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، مرحومہ کی مغفرت ، درجات کی بلند ی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا عبدالغفور حیدری کی خوشدامن انتقال کرگئیں
اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحومہ کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، اللہ پاک مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شازیہ مری نے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے بلندی درجات کی دعا کی۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ والدہ کا سایہ اولاد کے لیے سب سے قیمتی اثاثہ ہوتا ہے، والدہ کا بچھڑ جانا ناقابلِ تلافی صدمہ ہے، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، سوگوار خاندان کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے، مشکل کی اس گھڑی میں ضیاء لنجار اور اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔



