جعلی چالان ایس ایم ایس کی بھرمار، ٹریفک پولیس نے خبردار کردیا
Fake traffic challan SMS Karachi
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی ٹریفک پولیس نے جعلی چالان ایس ایم ایس بھیجے جانے پر ان پیغامات کو مکمل طور پر گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کسی بھی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں متعدد شہریوں کو پرسنل نمبرز سے چالان کے جعلی پیغامات موصول ہوئے ہیں، جن میں انہیں مختلف لنکس کے ذریعے ادائیگی کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

حکام کی جانب سے واضح کیا گیا کہ ٹریفک پولیس کبھی بھی شہریوں کو ذاتی نمبرز سے ایس ایم ایس نہیں بھیجتی اور نہ ہی غیر مصدقہ ذرائع سے ادائیگی وصول کی جاتی ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایسے مشکوک پیغامات پر ہرگز یقین نہ کریں اور کسی غیر مصدقہ لنک یا نمبر پر ادائیگی سے سختی سے گریز کریں۔

مزید کہا گیا کہ اس قسم کی جعلسازی شہریوں کو مالی نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، جس سے بچنے کیلؕئے احتیاط ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خواتین کیلئے مفت الیکٹرک سکوٹی اسکیم، اہلیت اور اپلائی کا طریقہ جانیے

انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی شہری کو مشکوک پیغام موصول ہو یا اس حوالے سے کوئی شکایت ہو تو فوری طور پر ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جائے تاکہ معاملے کی بروقت جانچ پڑتال ہوسکے۔

خیال رہے کہ جعلی ایس ایم ایس ایک نیا فراڈ ہے جس کا مقصد شہریوں کو مالی طور پر نشانہ بنانا ہے۔