ہونہار اسکالرشپ پروگرام کی آخری تاریخ بڑھا دی گئی
Honhaar Scholarship
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے لیے درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 26 اکتوبر 2025 تک بڑھا دی ۔

یہ فیصلہ حالیہ سیلابوں کے تناظر میں کیا گیا ہے جنہوں نے پنجاب کے کئی اضلاع میں تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کیا جس کے باعث متعدد طلباء بروقت درخواست جمع نہ کر سکے۔

یہ اسکالرشپ پروگرام پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن (PHEC) کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد مستحق طلباء کی تعلیمی راہ میں حائل معاشی رکاوٹوں کو دور کرنا اور انہیں بلا تعطل تعلیم جاری رکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت تقریباً 30,000 اسکالرشپس دی جائیں گی جو سرکاری جامعات اور کالجوں میں انڈرگریجویٹ سطح پر زیر تعلیم طلباء کی مکمل فیس ادا کریں گی۔

حکام کے مطابق یہ پروگرام خاص طور پر کم آمدنی والے گھرانوں کے طلباء کی تعلیمی تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے طلباء کو خصوصی طور پر درخواست دینے کی تاکید کی گئی ہے۔

اہلیت کے لیے ضروری شرائط میں پنجاب کا ڈومیسائل، خاندانی آمدنی 300,000 سے 350,000 روپے کے درمیان اور انٹرمیڈیٹ میں 60 سے 70 فیصد نمبرز شامل ہیں۔ امیدوار کسی سرکاری ادارے میں زیر تعلیم ہونا چاہیے اور پہلے سے کسی اور مالی امداد کا مستحق نہ ہو۔ میڈیکل اور ڈینٹل طلباء کے لیے یہ اسکالرشپ دوسرے سے پانچویں سال تک دی جائے گی جبکہ دیگر شعبوں میں سمسٹر کی بنیاد پر دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: میٹرک کے سیکنڈ اینول امتحانات کا شیڈول جاری

درخواستیں صرف آن لائن PHEC اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں جن کے ساتھ درست CNIC، تعلیمی اسناد، آمدنی کا سرٹیفکیٹ اور انرولمنٹ کی تصدیق لازمی ہے۔ کمیشن نے طلباء کو تاکید کی ہے کہ وہ آخری وقت سے پہلے اپنی درخواست جمع کروا دیں تاکہ سرور کے مسائل سے بچا جا سکے۔

یہ توسیع حکومت کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ مشکل حالات میں بھی طلباء کو سہارا فراہم کرے گی اور پنجاب میں اعلیٰ تعلیم تک یکساں رسائی کو یقینی بنائے گی۔