راولپنڈی: میٹرک کے سیکنڈ اینول امتحانات کا شیڈول جاری
 راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے میٹرک سیکنڈل اینول امتحانات کا شیڈول جاری کردیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے میٹرک سیکنڈل اینول امتحانات کا شیڈول جاری کردیا۔

راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹرک سیکنڈ اینول امتحانات 29 ستمبر سے شروع ہوں گے ، امتحانات کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ امیدواروں کو رول نمبر سلپس بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریگولر امیدواروں کی رول نمبر سلپس اداروں کے پورٹل پر اپ لوڈ کی گئی ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کی رول نمبر سلپس داخلہ فارم کے پتوں پر ارسال کر دی گئی ہیں۔

امتحانی بورڈ کے مطابق رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائٹ www.biserawalpindi.edu.pk پر بھی دستیاب ہیں، امیدوار بے فارم نمبر یا آن لائن فارم نمبر سے سلپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ میٹرک سیکنڈ اینول امتحانات کے لیے44 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں 18 بوائز، 12 گرلز اور 14 مشترکہ امتحانی مراکز شامل ہیں، حساس امتحانی مراکز میں کیمروں کے ذریعے آن لائن مانیٹرنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنا ضروری قرار

بورڈ انتظامیہ کے مطابق ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جبکہ مرکزی کنٹرول روم بورڈ کمپلیکس میں فعال ہے، امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے اسپیشل اسکواڈ اور موبائل انسپکٹر تعینات کیے گئے ہیں، 44 سپرنٹنڈنٹس اور 58 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس امتحانات کے دوران ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

کنٹرولر امتحانات راولپنڈی بورڈ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت امتحانات کو فول پروف بنایا گیا ہے، امتحانی عملے کی فہرستیں اسپیشل برانچ کو ارسال کر دی گئی ہیں، امتحانی عملے کی کسی بھی کوتاہی پر سخت تادیبی کارروائی ہوگی ۔