وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباء کی فیس معاف کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کے لئے خصوصی پیکیج کی منظوری دے دی ۔
فائل فوٹو
لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کے لئے خصوصی پیکیج کی منظوری دے دی ۔

پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے تمام طلباء کی ایک سمسٹر کی فیس معاف کر دی گئی، سیلاب متاثرہ اضلاع کے بی ایس فرسٹ ایئر کے طلباء کی داخلہ فیس بھی معاف کر دی گئی ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں مظفرگڑھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، چنیوٹ اور قصور کے طلباء کی سال اول کی فیس معاف کی گئی ہے۔

سیلاب متاثرہ اضلاع میں واقع تمام یونیورسٹیوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں بھی 20 دن کی توسیع کر دی گئی جبکہ ہونہار اسکالرشپ کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ بھی ایک ماہ تک بڑھا دی گئی۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلباء کے والدین کی مالی مشکلات کم کرنے اور نوجوانوں کی سہولت کے لئے پیکیج دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کم آمدن والوں کیلئے آسان ہاؤسنگ فنانس سکیم متعارف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی وجہ سے اپنے بچوں اور بچیوں کی تعلیم متاثر نہیں ہونے دوں گی، پوری کوشش جاری ہے کہ سیلاب متاثرین کی پوری مدد یقینی ہو، جلد بحالی اور نقصانات کا ازالہ ہو۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا کام شروع کر دیا گیا ، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرنگرانی محکمہ تعمیرات ومواصلات کی ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں متحرک کر دی گئیں اور ہنگامی طور پر تعمیر ومرمت کا کام شروع کر دیا گیا ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں سیلاب متاثرہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کو جلد ازجلد مکمل کرکے بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔