
ترجمان حکومت پاکستان راجہ خلیق الزماں انصاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کی عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے مگر میئر کراچی کی مداخلت کے باعث گرین لائن فیز 2 پر کام روک دیا گیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ خلیق الزماں انصاری نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں گرین لائن منصوبے کا دورہ کیا اور پی ڈی آئی سی ایل حکام سے بھی ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کا پہلا فیز 21 کلومیٹر طویل مین کوریڈور پر مشتمل تھا جس پر روزانہ تقریباً 42 ہزار شہری سفر کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کا دوسرا فیز جو گرومندر سے میونسپل پارک صدر تک کامن کوریڈور پر مشتمل ہے اسے 2017 میں جاری کردہ این او سی کے تحت مکمل کیا جانا تھا مگر کام شروع ہوتے ہی میئر کراچی نے مداخلت کرتے ہوئے اس پر کام رکوادیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم 2025 کا آغاز، اپلائی کا طریقہ جانیے
راجہ خلیق الزماں کا کہنا تھا کہ ہم سندھ حکومت کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ گرین لائن فیز 2 منصوبے کو 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نمائش چورنگی سے میونسپل پارک تک کا فیز مکمل ہونے کے بعد تمام بسیں اس سے لنک ہوں گی جس سے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے شہباز اسپیڈ کی سندھ میں ضرورت پر زور دیا تھا۔اب وقت ہے کہ ہم سب مل کر کراچی کے عوام کی خدمت کریں۔



