
اس سکیم کے تحت ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اقدام وزیراعظم یوتھ پروگرام کا ایک اہم حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید سہولتوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
حکام کے مطابق اس سکیم کا بنیادی مقصد ان مالی مشکلات کو ختم کرنا ہے جن کی وجہ سے طلبہ آن لائن کلاسز لینے، تحقیقی سہولتوں تک رسائی حاصل کرنے اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے فری لانسنگ کے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں رکاوٹ محسوس کرتے ہیں۔
بہت سے ایسے خاندان ہیں جن کیلئے لیپ ٹاپ خریدنا محض ایک خواب ہے، اس لیے حکومت نے یہ اقدام طلبہ کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طلبہ کی جانب سے بار بار پوچھے جانے والے سوالات کے حل کیلئے حکومت نے ایک جدید آن لائن ٹریکنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ اب طلبہ کو کاغذی کارروائی یا غیر ضروری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ طلبہ صرف laptop.pmyp.gov.pk پر جا کر اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کریں، اپنی یونیورسٹی منتخب کریں اور فوراً جان سکیں گے کہ ان کی درخواست منظور ہو چکی ہے، زیرِ جائزہ ہے یا مسترد کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا سیلاب متاثرہ کسانوں کے قرضے معاف کرنے پر غور
حکام نے مزید کہا کہ لیپ ٹاپ کی فراہمی سے طلبہ کو جدید ڈیجیٹل سہولتیں میسر آئیں گی جن کے ذریعے وہ باآسانی آن لائن کلاسز لے سکیں گے، ڈیجیٹل لائبریریز تک رسائی حاصل کریں گے، آئی ٹی اور جدید مہارتیں سیکھ سکیں گے اور حتیٰ کہ ریموٹ ورک یا فری لانسنگ کے ذریعے اپنے خاندان کی مالی مدد بھی کرسکیں گے۔
یہ سکیم نوجوانوں کو جدید دور کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی ایک اہم کاوش قرار دی جا رہی ہے۔