سندھ حکومت کا 24 ستمبر کو تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن بھی جاری
سندھ حکومت کی جانب سے صوبے کے 14 اضلاع میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے موقع پر تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت کی جانب سے صوبے کے 14 اضلاع میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے موقع پر تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے متعلقہ حلقوں میں سکولوں میں چھٹی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق بلدیاتی ضمنی انتخابات والے حلقوں میں 24 ستمبر کو چھٹی ہو گی۔

دوسری جانب سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ہونے والے بلیدیاتی ضمنی انتخابات کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے ضلعی تعلیمی افسران اور ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز کو مراسلہ ارسال کردیا۔

مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی ضمنی انتخابات والے اضلاع میں تعلیمی اداروں میں پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے ، محکمہ تعلیم سندھ نے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولز اور ضلعی تعلیمی افسران کو تعاون کے احکامات بھی جاری کر دیے۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ سندھ کے اضلاع گھوٹکی، سکھر، خیرپور، میرپور خاص، عمر کوٹ، مٹیاری، حیدرآباد، جامشورو، دادو، بدین اور ٹھٹہ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے باعث 24 ستمرب کو تعطیل ہوگی۔

اس کے علاوہ کراچی ویسٹ، کراچی ایسٹ اور کیماڑی کے اضلاع میں بھی 24 ستمبر بروز بدھ اسکول، سرکاری و دیگر کاروباری ادارے بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس، اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری جاری

ترجمان الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 24 ستمبر کو ہوں گے جس کے لیےتمام تر ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں 2 ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، 6 چیئرمین، 7 وائس چیئرمین اور 13 جنرل/وارڈ ممبر کی نشستیں شامل ہیں، انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 14 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، 21 ریٹرننگ افسران اور 21 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 14 ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور 21 مانیٹرنگ افسران بھی فرائض انجام دیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 187 ہے جن میں ایک لاکھ 33 ہزار 38 مرد اور ایک لاکھ 10 ہزار 154 خواتین ووٹرز شامل ہیں، انتخابی عمل کے لیے 1512 اہلکار ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر 167 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 17 مردوں کیلئے ، 17 خواتین کیلئے جبکہ 134 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں،127 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ 34 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 6 نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔