موٹروے ایم 5 جلال پور پیر والا کے قریب بند
موٹروے ایم 5 کو جلال پور پیر والا کے قریب سیلابی پانی کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا
موٹروے ایم 5 کو جلال پور پیر والا کے قریب سیلابی پانی کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) موٹروے ایم 5 کو جلال پور پیر والا کے قریب سیلابی پانی کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ یہ بندش سیلابی صورتحال کے باعث کی گئی ہے تاکہ کسی بڑے حادثے یا جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

موٹروے پولیس نے فوری طور پر ٹریفک کے لیے متبادل ڈائیورشن پلان جاری کیا ہے اور روڈ یوزرز کی رہنمائی کے لیے اہلکاروں کو موقع پر تعینات کر دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ملتان سے سکھر جانے والی گاڑیوں کو شاہ شمس انٹرچینج سے قومی شاہراہ پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک کا بہاؤ جاری رہے۔ مزید بتایا گیا کہ اوچ شریف انٹرچینج سے دوبارہ موٹروے ایم 5 کو جوائن کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح ٹریفک کو محفوظ اور منظم طریقے سے چلانے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گھی، چاول اور انڈوں سمیت 18 اشیائے ضروریہ مہنگی، 14 سستی

اسی طرح سکھر سے ملتان آنے والی ٹریفک کو بھی اوچ شریف انٹرچینج کے راستے قومی شاہراہ پر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے مسافر اپنی منزل کی طرف روانہ ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شاہ شمس انٹرچینج سے موٹروے ایم 4 کو بھی جوائن کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ ڈرائیور حضرات کو زیادہ دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
موٹروے پولیس کے افسران اور عملہ موقع پر موجود ہے اور وہ مسافروں کو مسلسل رہنمائی فراہم کر رہے ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈائیورشن پلان پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کے پیش نظر ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں۔