
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح میں کمی ہوئی ہے، ملک میں حالیہ ہفتے سالانہ بنیاد وں پر مہنگائی کی شرح 5.03 فیصد سے کم ہو کر 4.17 فیصد ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران چاول، انڈے، مٹن، جلانے والی لکڑی، گھی اور دال مونگ سمیت 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.06 فیصد، چاول 0.84 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 0.91 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ بیف 0.42 فیصد، مٹن 0.31 فیصد، ویجی ٹیبل گھی 0.25 فیصد، انرجی سیور 0.23 فیصد اور دال مونگ 0.10 فیصد مہنگی ہوئی ۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی معیشت کیلئے اچھی خبر
اسی طرح حالیہ ایک ہفتے میں 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، پیاز 1.17 فیصد، ٹماٹر 23.11 فیصد، آٹا 2.60 فیصد،کیلے5.07 فیصد، دال مسور 0.64 فیصد، دال چنا0.47 فیصد، لہسن0.46 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 12.74 فیصد کمی ہوئی ہے۔
اگرچہ مجموعی افراطِ زر میں معمولی کمی ہوئی لیکن ایندھن، خوراک اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ مہنگائی خاموشی سے عوام کی جیبوں پر اثر ڈال رہی ہے، عام افراد کے لیے انڈے، چاول، گوشت اور گھی جیسی بنیادی اشیاء میں اضافہ ہی اصل تشویش ہے، کیونکہ انہی چھوٹے اضافوں سے گھریلو بجٹ ہل کر رہ جاتا ہے۔