
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی نے تیل و گیس کے ذخائر کی پیداوار سے متعلق پاکستان سٹاک ایکسچینج کو خط لکھ دیا۔
کمپنی کی جانب سے سٹاک مارکیٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اٹک میں واقع سوغری بلاک سے گیس اور ہلکے تیل کے ذخائر 17 مارچ کو دریافت ہوئے تھے، سوغری بلاک کنوئیں ون سے گیس اور ہلکے تیل ذخائر کی پیداوار کا عمل کامیابی سے شروع کردیاہے۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ سوغری کنوئیں سے حاصل گیس کی یومیہ پیداوار 14 ملین ایم ایم ایس سی ایف ڈی ہے ، سوغری بلاک کنوئیں سے ہلکے تیل کے ذخائر کی یومیہ پیداوار 430 بیرل ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کا شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان
خط میں کہا گیا ہے کہ ملکی گیس سسٹم میں گیس ذخائر کو شامل کرنے کے لئے کمپنی نے 8 انچ قطر کی 14 کلو میٹر پائپ لائن بچھا دی ہے، سوغری نارتھ پلانٹ سے حاصل گیس ذخائر کو دکھنی پلانٹ سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا کہ سوغری نارتھ بلاک سے حاصل گیس کو پراسیسنگ کے بعد سوئی نادرن گیس پائپ لائن میں شامل کیا جائے گا۔