عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میر اعظم خان فائرنگ سے جاں بحق
باجوڑمیں تحصیل خار کے علاقے خزانہ موڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی تحصیل خار کے نائب صدر ملک میر اعظم خان جاں بحق ہوگئے
اے این پی تحصیل خار کے نائب صدر ملک میر اعظم خان کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کیا/ فائل فوٹو
باجوڑ: (ویب ڈیسک) باجوڑمیں تحصیل خار کے علاقے خزانہ موڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی تحصیل خار کے نائب صدر ملک میر اعظم خان جاں بحق ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق اے این پی تحصیل خار کے نائب صدر ملک میر اعظم خان کو نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ خزانہ موڑ کے مقام پر پیش آیا، جہاں وہ موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے۔ حملہ آوروں نے نشانہ بنا کر ان کے سر پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی رہنما شکیل درانی کے گھر دستی بم سے حملہ

ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے، جبکہ میر اعظم خان کی لاش قریبی ہسپتال منتقل کی گئی۔ مقامی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاہم حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آ سکی۔
عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت اور کارکنان نے اس قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ میر اعظم خان ایک سرگرم اور پرعزم رہنما تھے جنہوں نے علاقے کے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی۔ ان کے اچانک قتل نے پارٹی کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔